تربوزکھانے کے حیرت انگیز فوائد اور بیماریوں سے علاج

 

Watermelon  تربوزکھانے کے حیرت انگیز فوائد اور بیماریوں سے علاج


تربوز

(گرمی اور تیزابیت کو کم کرنے والا خوش ذائقہ پھل)

اللہ تعالیٰ کی شان کریمہ دیکھیے کہ اس نے ہر موسم کے مطابق پھل اور سبزیاں پیدا کی ہیں تاکہ اس کے بندے موسموں کے تغیرات کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔ ہمارے ہاں موسم بہت شدید ہوتے ہیں۔ موسم گرمی کا ہو یا سردی کا دونوں ہی پوری شدت دکھاتے ہیں۔ سخت سردی اور سخت گرمی ایسے موسم ہیں جن میں بیماریوں کا غلبہ بھی زیادہ ہوتا ہے۔ جیسے ہی گرمی کی شدت بڑھنے لگتی ہے تربوز بھی بازار میں آنا شروع ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس شیریں، خوش ذائقہ اور مفید پھل میں یہ حاصیت شامل کر دی ہے کہ یہ لو اور گرمی سے بچاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے گرم ممالک کی جھلسانے والی تیز دھوپ اور آندھیوں کے جھکڑوں کے اثرات سے اپنی مخلوق کو بچانے کے لیے تربوز جیسی خوش رنگ، خوش ذائقہ غذا کو ایک نعمت بنا کر بھیجا ہے جو اپنے سرخ رنگ، شیریں گودے، پانی بیج اور اوپر کے چھلکے تک رنگا رنگ غذائی افادیت اور صفات کا خزانہ ہے۔

تربوز کھانے کے حیرت انگیز فوائد

بے بہا غذائیت اور وٹامن اے، بی، ڈی سے بھرپور یہ پھل قیمت کے لحاظ سے بھی بے حد سستا ہے۔ تربوز میں کثرت سے آبی اجزاء کی موجودگی کی وجہ سے اس کا مزاج سرد ہے۔ تربوز میں گلوکوز، آئرن، کیلشیم، فاسفورس سمو دیے گئے ہیں۔

تربوز اور گرمی کا علاج

گرمیوں کے موسم میں معدہ اور خون میں تیزابیت بڑھ جاتی ہے۔ ان دونوں تکلیفوں کو دور کرنے کی خصوصیت صرف توبوز میں پائی جاتی ہے۔

یہ تیزابیت دور کر کے پیشاب کی جلن کو ٹھیک کرتا ہے۔ وہ لوگ جو گرمیوں میں پیشاب کے کم آنے کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں ایسے افراد کے لیے تربوز ایک نعمت سے کم نہیں کیونکہ اس میں اسی فیصد پانی ہوتا ہے۔ چونکہ تربوز پیشاب آور ہے اس لیے اس کے استعمال سے چھوٹی چھوٹی پتھریاں بھی نکل جاتی ہیں۔

گرمیوں میں یہ پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے۔ 

گرمی اور دھوپ سے ہونے والا سر درد کا علاج

گرمی کی شدت کی وجہ سے اگر سر درد شدید ہو رہا ہو تو فورا تربوز کا پانی برف سے ٹھنڈا کر کے پلانے سے فوری افاقہ ہوتا ہے۔

معدہ اور پیٹ کی بیماریوں کا علاج

تربوز نظام ہضم کو تیز کرتا، بھوک لگاتا ہے اور اس کا پھوک دائمی قبض کے لیے مفید ہے۔ تربوز ایک ہلکی، قبض کشا اور بے ضرر پیشاب لانے والی عمدہ غذا ہے۔

گرم مزاج نوجوانوں میں جب معدہ میں جلن اور پیشاب کی شکایت ہو تو اس کااستعمال معدہ کی اصلاح کرتا ہے۔

جگر، مثانہ اور گردوں کی گرمی کا علاج 

یہ دل کو طاقت دیتا ہے اور جگر و مثانہ اور گردوں کی گرمی دور کرنے کا بے مثال علاج ہے جب ہاتھ پاؤں جلتے ہوئے محسوس ہوں، طبیعت بے چین، پیشاب کم اور ناف کے مقام کے آس پاس بوجھ اور تناؤ محسوس ہو تو تربوز کا استعمال شفا بخش ثابت ہوتا ہے۔

جگر کے امراض میں بھی تربوز کا استعمال بہت مفید ہے۔ وہ افراد جن کا جگر بڑھ گیا ہو یارنگ زرد رہتا ہو ان کے لیے تربوز اور اس کا شیریں پانی اکسیر ہے۔

یرقان اور گرمی کا بخار

تربوز کا پانی سکنجبین کے ساتھ استعمال کرنا یرقان میں بے حد مفید ہے۔ گرمی کے بخار میں افاقہ دیتا ہے۔

بلڈ پریشر کا علاج

جن مریضوں کا خون گاڑھا ہو کر جسم بوجھل اور ہائی بلڈ پریشر رہنے لگتا ہے اور ہاتھ پاؤں سن ہو جاتے ہیں ان مریضوں کے لیے تربوز کا پانی شفا بخش ہے۔ بلڈ پریشر کی صورت میں تربوز کا پانی دن میں کئی بار استعمال کرنا چاہیے۔ اس سے خون اپنی اصلی حالت میں آ جاتا ہے اور بلڈ پریشر کم ہو جاتا ہے۔

تربوز کھانے کے نقصانات

تربوز دیر ہضم ہے۔ زیادہ کھانے سے یا سردی کے وقت کھانے سے جوڑوں کے درد کی شکایت پیدا ہو سکتی ہے۔

یہ بلغم پیدا کرتا ہے اور اپھار کا باعث بھی بن جاتا ہے۔ تربوز کو کھانا کھانے کے دو تین گھنٹے پہلے یا بعد میں استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

تربوز کے استعمال کے بعد اگر بدہضمی ہو جائے تو تھوڑا سا گڑ یا چینی کھا لینی چاہیے۔

Photo Source: Photo by Floh Maier on Unsplash

تربوز کھانے کا وقت، تربوز اور شوگر، رات کو تربوز کھانا، تربوز کا جوس بنانے کا طریقہ، تربوز کے فوائد، تربوز کے نقصانات

Comments