Tangerine سنگترہ انسان کے لیے قدرت کا بہترین تحفہ

 


سنگترہ

(وٹامن سی کا خزانہ)

سنگترہ ایک مشہور پھل ہے جس کو قدرت نے غذائی اور دوائی اثرات کا بے نظیر خزانہ بنا دیا ہے۔ سنگترہ کا اصل وطن برصغیر ہے۔ بھارت اور پاکستان کے مختلف صوبوں پنجاب، سندھ، یو پی اور بنگال میں اس کے باغات لگائے جاتے ہیں ان صوبوں میں سنگترہ کی پیداوار بہت زیادہ ہے۔ بنگلہ دیش کا سنگترہ سب سے اچھا سمجھا جاتا ہے۔ ناگپور کا سنگترہ بھی بہت شہرت رکھتا ہے۔

سنگترہ کا درخت متوسط قد و قامانت کا ہوتا ہے۔ فروری اور مارچ کے مہینوں میں اس پر پھول لگتے ہیں اور اس کے بعد پھل لگتا ہے اور نومبر، دسمبر اور جنوری میں پک کر تیار ہو جاتا ہے۔

سنگترہ اللہ تعالیٰ کا بیش بہا تحفہ ہے اگر اس کی غذائی افادیت پر غور کیا جائے تو یہ ماننا پڑے گا کہ یہ پھل انسان کے لیے قدرت کا بہترین تحفہ ہے۔ سنگترہ کا استعمال بدن میں فرحت اور طاقت پیدا کرتا ہے۔ اس کی دوسری قسم میں فروٹر بہت مشہور ہے۔ اس کا چھلکا سرخی کی جھلک لیے ہوئے گہرے زرد رنگ کا ہوتا ہے جبکہ فروٹر ہلکا زرد اور گہرا سرخ ہوتا ہے۔

جسم میں خون بنانے میں معاون

غذائی افادیت کے مطابق سنگترہ کا رس غذائیت کے اعتبار سے ایسا مشروب ہے جو معدے میں پہنچتے ہی فورا خون میں شامل ہو جاتا ہے۔

بخار میں مفید

بخار کی صورت میں جبکہ بدن کا درجہ حرارت بڑھا ہوا ہوتا ہے اور معدے میں کسی ٹھوس غذا کے ہضم کرنے کی استعداد باقی نہیں رہتی، ایسی حالت میں سنگترے کا رس بدن کو لطیف غذا پہنچاتا ہے۔ بیماری کی صورت میں خصوصا کمزور آدمیوں کے لیے سنگترے کا رس بترین لطیف غذا ہے۔

اطباء کا کہنا ہے کہ بخار کے مریضوں کے لیے جس طرح انار مفید ہے اسی طرح سنگترہ بھی فائدہ مند ہے۔

لمبے بخاروں میں جب معدہ جگر اور گردے درست کام نہ کرتے ہوں ایسے میں اس کا رس بدن میں ہلکی غذا پہچانے کے علاوہ پیشاب اور پسینے کے ذریعے ان زہریلے مادوں کو خارج کر دیتے ہیں جن کے ذریعے بخار پیدا کرنے والے زہریلے مادے پیدا ہوتے ہیں۔ بخار میں روزانہ تھوڑا تھوڑا کر کے ایک لیٹر کے قریب اس کا رس پلانا چاہیے۔

یرقان اور جگر کی گرمی میں مفید

طاعون، ٹائیفائیڈ، ہیضہ اور اسہال میں اس شفا بخش اور لذیذ پھل کا استعمال بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ یونانی اطباء صدیوں سے یرقان اور جگر کی گرمی دور کرنے کے لیے استعمال کرواتے رہے ہیں۔ سنگترہ یرقان کا بہترین علاج ہے۔ 

معدے میں گیس اور تیزابیت ختم کرنے میں مفید

معدے میں گیس ہونے لگے تو سنگترے کا استعمال اس تکلیف کو رفع کرتا ہے۔ تیزابیت ختم کرتا ہے۔ انتڑیوں میں رکے ہوئے زہریلے فضلا ت کو خارج کرتا ہے۔

دائمی قبض کے خاتمے میں مفید

سونے سے قبل اور صبح نہار منہ ایک دو سنگترے کھانے سے دائمی قبض ختم ہو جاتی ہے۔

 سنگترے کا رس ایک عمدہ ٹانک

سنگترے کا رس ایک عمدہ ٹانک ہے۔ ایک گلاس روزانہ پینے سے دماغ کے سبھی امراض کو فائدہ ہوتا ہے اور وزن بڑھاتا ہے۔ چہرے پر رونق بڑھتی ہے اور جسم میں تازہ خون پیدا ہوتا ہے۔

سنگترے کا رس نہایت خوش ذائقہ ہونے کے علاوہ پیاس کو تسکین دیتا ہے۔ یہ معدہ اور آنتوں کی اصلاح بھی کرتا ہے۔ 

دانتوں اور مسوڑھوں کی بیماریوں میں مفید

سنگترہ دانتوں اور مسوڑھوں کو چمکدار اور مضبوط بناتا ہے۔ اگر زبان پر سفید تہہ جمنے لگے جس سے منہ کا ذائقہ خراب ہو جاتا ہے ایسے مریضوں کے لیے سنگترے بہترین دوا ہیں اس کے استعمال سے زبان پر غلیظ سی تہہ ختم ہو جاتی ہے۔

چہرے کی خوبصورتی اور داغ دھبوں کا بہترین علاج

اس کے استعمال سے چہرے سرخ سفید اور جلد صاف ہوجاتی ہے۔ رنگ نکھر جاتا ہے۔ چہرے کے داغ دھبے دور ہو جاتے ہیں۔ 

میڈیکل سائنس نے اسے سب پھلوں میں افضل مانا ہے کیونکہ اس میں وٹامن سی بہت زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔ سنگترہ مرد، عورت بوڑھے بچے سب کو مرغوب ہے اور سب کو یکساں فائدہ پہنچاتا ہے۔

سنگترہ کھانے سے پرہیز

دائمی نزلہ اور بلغمی کھانسی کے مریضوں کے لیے یہ مفید نہیں ہے۔ 

گلے کی خرابی اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا لوگ اسے استعمال نہ کریں۔ 

سنگترے کے استعمال سے اگر بدہضمی کی شکایت ہو جائے تو گڑ یا سرکہ استعمال کریں۔

سنگترہ کے خواص، سنگترہ مالٹا، سنگترہ نارنگی، سنگترہ کھانے کے نقصانات

Comments