بال اور آپ کی شخصیت

بال اور آپ کی شخصیت

بال اور آپ کی شخصیت

کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کے بال آپ کی شخصیت پر کس حد تک اثر انداز ہوتے ہیں۔۔ آپ کے جسم کا یہ حصہ دوسروں کی نظروں سے مخفی نہیں رہ سکتا جس طرح کہ آپ اپنے چہرے کو دوسروں سے چھپا نہیں سکتے اسی طرح اپنے بالوں کو بھی دوسرے لوگوں کی نظروں سے اوجھل رکھنا ممکن نہیں۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ آپ کے بال آپ کی شخصیت پر اسی قدر اثر انداز ہوتے ہیں جس قدر آپ کا چہرہ آپ کی خوبصورتی میں۔ بالوں کی بھی اتنی ہی اہمیت ہے جتنی کہ چہرے، جلد اور جسم کے دسرے حصوں کی۔ آپ اس بات سے انکار نہیں کر سکتے کہ انسان کی شخصیت کو نکھارنے میں بال ہی معاون ثابت ہوتے ہیں۔

کیا آپ کے بال خوبصورت ہیں۔۔ یہ سوال یقینا کئی بار آپ کے ذہن میں بھی آتا ہوگا۔ آپ اس بات سے اپنے بالوں کی خوبصورتی کا بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ بالوں کی خوبصورتی کا راز ان کے گھنے پن، نرمی اور چمک میں ہے اور یہ چمک بالوں کی صحت میں مضمر ے۔ گھنے پن اور نرمی کے پیچھے ورزش کا بڑا ہاتھ ہے۔ بالوں کی یہ ورزش انہیں برش کرنے سے حاصل ہو سکتی ہے۔ اگر بال نرم اور چمکیلے ہوں تو بات ہی کچھ اور ہے۔ مرد ہو یا عورت، جوان ہو یا بوڑھا اور چاہے چھوٹا بچہ ہی کیوں نہ ہو، سب ہی لوگ اس بات کے متمنی ہوتے ہیں کہ ان کے سر پر خوبصورت اور گھنے بال موجود ہوں۔

اگر کوئی ایسی خاتون ہمیں نظر آ جائے جس کے بال گھٹنوں تک لمبے اور گھنے ہوں تو ہمارے منہ سے بے اختیار اس کے بالوں کی تعریف کے لیے کلمات نکلتے ہیں۔ اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ لوگ آپ کے بالوں کا بھی اسی قدر جائزہ لیتے ہیں جس قدر کہ آپ کے چہرے یا لباس کا لیتے ہیں۔

موجودہ دور میں افزائش حسن میں بالوں کی آرائش کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے کیونکہ بالوں کا تعلق محض حسن ہی سے نہیں بلکہ یہ عمر کے راز داں بھی ہیں۔

دلکش اور گھنے بالوں کے بغیر کسی باوقار اور حسین عورت کا تصور ہی ممکن نہیں ہے۔ خصوصاً مشرقی تہذیب اور معیار حسن میں لمبے بالوں کو ایک خاص مقام حاصل ہے لیکن اب اس کے ساتھ ساتھ تراشیدہ بال رکھنے کا بھی رجحان شدت سے بڑھ رہا ہے۔

بالوں کی تراش خراش آپ کی اپنی پسند پر منحصر ہے۔ بال لمبے رکھیں یا ترشیدہ لیکن اس امر سے تو کوئی اختلاف نہیں کرے گا کہ خواتین کے سر پر صحت مند بالوں کا ہونا ضروری ہے اور صحت مند بالوں کے لیے ان پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے اور جب ان کی صحت کی طرف توجہ دی جائے گی تو یہ اس قدر بھلے معلوم ہوں گے جیسے ان میں کوئی جادو پوشیدہ ہو اور حقیقت یہ ہے کہ صحت مند بالوں میں ایک ایسا جادو پوشیدہ ہوتا ہے جو دوسروں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لیتا ہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ عورت کی خوبصورتی کا راز اس کی گھنی زلفوں میں پوشیدہ ہوتا ہے۔

بالوں کے معاملے میں اگرچہ مردوں کو اتنی اہمیت حاصل نہیں جتنی کہ عورتوں کو ہے لیکن اس کے باوجود شاید ہی کوئی مرد ایسا ہوگا جو بالوں سے محروم ہو اور اس کی وجہ سے پریشان نہ ہو۔ ہم نے ایسے بے شمار مردوں کو بھی دیکھا ہے جو اپنے گنجے پن کی وجہ سے احساس کمتری کا شکار ہو جاتے ہیں اور ہر وقت بال اگانے کے نت نئے طریقے تلاش کرتے رہتے ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ بال اگانے کے تیل، کریمیں اور نسخے وغیرہ دن بدن فروغ پاتے جا رہے ہیں۔ ان نسخوں سے بالوں کی وجہ سے پریشان حضرات کو کس قدر فائدہ ہوتا ہے، اس سے قطع نظر یہ ضرور ہے کہ ان اشیاء کی بدولت ان لوگوں کی خوب چاندی ہو رہی ہے جو یہ مصنوعات تیار کرتے ہیں۔ دوسرے لفظوں میں یہ کام ایک بڑے کاروبار کی صورت میں ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔

Photo by Ali Pazani on Unsplash

Comments